صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں
تیرے نام
مسعودجاوید ہاشمی
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
غزل
سرور و کیف و محبت سے جاوداں ہے غزل
روایتوں کی امیں فن کی پاسباں ہے غزل
زمانہ اس کی بلندی کو چھو نہیں سکتا
ہر ایک دور سے آگے رواں دواں ہے غزل
گلاب ہے کہ چنبیلی کہ مشک و عنبر ہے
صبا کے دوش پہ خوشبو کا کارواں ہے غزل
سوادِ شب میں اندھیرے ہیں کو بہ کو لیکن
مہ و نجوم کا پرتو ہے کہکشاں ہے غزل
بیان حال کا بے حد لطیف پیرا یہ
ضمیر حسن کی بے لاگ ترجماں ہے غزل
فراق و وصل کی باتیں غزل کے پیکر میں
حسین فکر سے تابندہ ہے جواں ہے غزل
جو احتیاط سے جاویدؔ جالِ دل کہیے
تو میرؔ و غالبؔ و مومنؔ کی ہمزباں ہے غزل
٭٭٭