صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں


عقیدۂ توحید اور غیر اﷲ کا تصوّر

ڈاکٹر محمد طاہر القادری

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                       ٹیکسٹ فائل

من دون اللہ کا صحیح مفہوم

’’مِن دُونِ اللّهِِ‘‘ کوئی مخصوص قرآنی اصطلاح نہیں جیسا کہ عام طور پر سمجھ لیا گیا ہے۔ عربی لغت کے اعتبار سے فعل دَانَ یَدُوْنُ کا مادہ دُوْناً ہے جس میں کمزوری، حقارت، خساست، پستی اور گھٹیا پن کا معنی پایا جاتا ہے۔

1۔ عام روزمرّہ گفتگو میں اہلِ عرب کسی کی حقارت اور گھٹیا پن کے بارے میں یوں اظہار کرتے ہیں : ’’صَارَ دُوْناً خَسِيْساً‘‘ کہ فلاں شخص  دُوْن یعنی گھٹیا اور کمینہ ہو گیا۔

اس جملے میں گھٹیا پن، پستی اور حقارت و خساست کا مفہوم مضمر ہے۔

فيروز آبادي، القاموس المحيط، 1 : 1545

2۔ يقال للقاصر عن الشيئی دُون ’’جو شخص اپنی کمزوری کے باعث کوئی کام کرنے سے عاجز و قاصر ہو اسے بھی دُون کہا جاتا ہے۔‘‘

راغب اصفهانی، المفردات : 172

3۔ اگر کوئی چیز کسی کے مقابلے میں مقداراً تھوڑی، کم حقیر اور ہلکی ہو تو اسے بھی دُون کہتے ہیں۔ جیسے ارشادِ ربانی ہے۔

وَيَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِکَ لِمَنْ يَّشَآءُ.

’’اور اس سے کم تر (جو گناہ بھی ہو) جس کے لئے چاہتا ہے بخشش دیتا ہے۔‘‘

النساء، 4 : 48

روزمرّہ گفتگو میں مِن دُونِ اللَّهِ کا استعمال ’’غیر اﷲ‘‘ کے معنی میں ہوتا ہے۔ قرآن مجید میں اکثر و بیشتر ’’مِن دُونِ اللّهِ‘‘ یا ’’مِن دُونِهِ‘‘ کے الفاظ کفار و مشرکین کے شرک کی نفی اور ابطالِ باطل کے ضمن میں ان کے معبودانِ باطلہ کے لئے استعمال ہوئے ہیں جس سے نہ صرف ان کا غیرِ خدا ہونا ثابت ہوتا ہے بلکہ ان کی اصل حیثیت یعنی بے مائیگی بھی متعین ہو جاتی ہے اور اس پر مستزاد ان کے الٰہ اور قابلِ پرستش ہونے کا رد بھی ہو جاتا ہے۔ مزید برآں دَانَ یَدُوْنُ کے اصل معنی کی بنا پر ان کا پست و حقیر، گھٹیا اور عاجز و کمزور بلکہ بارگاہِ خداوندی میں ان کا بے مایہ اور بے حیثیت ہونا بھی ثابت ہو جاتا ہے۔ گویا مِن دُونِ اللَّهِ کے الفاظ سے کفار و مشرکین کے مشرکانہ معتقدات اور توہمات کا قلع قمع کرنا اور ان کو یہ باور کرانا مقصود ہے کہ ان کے جھوٹے معبود اس قدر بے حیثیت ہیں کہ وہ کسی قسم کے نفع و نقصان کا باعث نہیں ہو سکتے۔

2۔ مِن دُونِ اللّهِ کی حقیقی مراد

قرآن مجید میں جہاں کہیں بھی مِن دُونِ اللَّهِ یا اس کے مماثل الفاظ کا ذکر ہوا ہے وہاں اس سے مقصود کفار و مشرکین کے باطل عقائد و نظریات کا رد اور معبودانِ باطلہ کی بے وقعتی کا اظہار ہے۔ بنیادی طور پر ان الفاظ سے درج ذیل امور کا بیان مقصود ہوتا ہے۔

(1) باطل عقائد و نظریات

کفار و مشرکین کے بارے میں نازل ہونے والی آیات کے سیاق و سباق میں ان کے باطل عقائد و نظریات کا ذکر کر کے کسی نہ کسی صورت میں ان کی تردید اور تغلیط مقصود ہے۔

(2) معبودانِ باطلہ

ان الفاظ کے ذریعہ عام طور پر ان کے معبودانِ باطلہ یعنی ان بتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں وہ خدا کا شریک ٹھہرا کر مستحقِ عبادت سمجھتے تھے۔

(3) اللہ تعالیٰ کے سوا ہر ایک سے اُلوہیت کی نفی

ان الفاظ کے ذریعے معبودانِ باطلہ کی ذاتِ حق سے مطلقاً بے تعلقی اور اللہ تعالیٰ کے سوا ہر ایک سے الُوہیت کی نفی کی گئی ہے۔

(4) معبودانِ باطلہ کی بے وقعتی

مِن دُونِ اللَّهِ سے ان معبودانِ باطلہ کی بے بسی، بے حیثیتی اور بے وقعتی ظاہر کرنا مقصود ہے تاکہ کفار و مشرکین اس حقیقت پر متنبہّ ہو کر اپنے مزعومہ مشرکانہ خیالات سے باز آ جائیں اور انہیں عبادت کے لائق نہ سمجھیں۔

(5) کفار و مشرکین سے خطاب

کلامِ الٰہی میں مِن دُونِ اللّهِ کے مخاطب مورد و اطلاق کے اعتبار سے اہلِ ایمان نہیں بلکہ اہلِ کفر مشرکین اور ان کے وہ الٰہ اور جھوٹے معبود مراد ہیں جن کی وہ پرستش کرتے تھے۔ مِن دُونِ اللّهِ سے نہ تو اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ انبیاء و رسل علیھم السلام مراد ہیں اور نہ ہی صلحاء و اولیاء جنہیں بارگاہِ ایزدی میں شرفِ قبولیت اور مقامِ قرب و محبوبیت سے نوازا گیا ہے، ان کا ذکر قرآن حکیم میں اس پیرائے میں نہیں کیا گیا۔ اہلِ ایمان انہیں خدا کا شریک یا اپنا معبود نہیں سمجھتے۔ اگر کسی جگہ نصاریٰ کے تذکرے میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیھا السلام کے حوالے سے ایسی بات کہی گئی ہے تو وہ بھی صرف اس بناء پر کہ انہوں نے دونوں برگزیدہ ہستیوں کو خدا اور خدا کا بیٹا مان کر واضح شرک کا ارتکاب کیا تھا۔ جس پر اس بات کا حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے استفسار کیا جائے گا : أَأَنتَ قُلتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُونِي وَأُمِّيَ إِلَـهَيْنِ مِن دُونِ اللّهِ. (المائدۃ، 5 : 116) ’’کیا تم نے لوگوں سے کہا تھا کہ تم مجھ کو اور میری ماں کو اللہ کے سوا دو معبود بنا لو؟‘‘ جس کا جواب وہ نفی میں دیں گے۔ صاف ظاہر ہے کہ یہاں بھی تثلیث کے ماننے والوں کے مزعومہ مشرکانہ عقائد کی تردید اور خدا کی الُوہیت کے سوا ہر ایک کی نفی مقصود ہے۔ 

******

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                       ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول