صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں



تفہیم

(۱)
اپریل   تا   جون  2012ء

مدیران

شیخ خالد کراّر

عمر فرحت

ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

                           اداریہ

    ’تفہیم‘ کا یہ پہلا شمارہ ہے۔

    ادبی دنیا میں رسائل و جرائد کا نکلنا عام سی بات ہے، اور ان کا’ بے موت مرنا‘ بھی کوئی حیران کن بات نہیں۔ اُردو کے کئی مقتدر رسائل ان حالات کی نذر ہو چکے ہیں جن سے اُردو کی ادبی صحافت کو ہمیشہ سامنا رہا ہے۔ فی زمانہ برصغیر ہندو پاک میں اُردو کے ادبی رسالوں میں درجنوں اہم نام گنوائے جا سکتے ہیں جو نامساعد حالات اور حوصلہ شکن ماحول کے با وصف جاری و ساری ہیں اور زبان و ادب میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ریاست جموں و کشمیر میں بھی خالصتاً ادبی پرچوں کی مضبوط روایت موجود ہے، جس میں ایک دہائی قبل نامور نقاد و شاعر جناب حامدی کاشمیری کا سہ ماہی’’ جہات‘‘ بھی شامل ہے۔ ذرا پیچھے جائیے تو ریاست جموں و کشمیر کے صوبۂ  جموں میں اس نوع کی کئی کاوشیں ہو چکی ہیں جن میں شاعر و ماہرِ  تعلیم جناب فاروق مضطرؔ کا ماہنامہ ’’دھنک‘‘،جناب محمد ایوب شبنمؔ کا’’ ستاروں سے آگے ‘‘وغیرہ شامل ہیں ،یہ اور دوسرے ایسے ہی رسالے خطے میں اپنے عہد کے،ادبی رجحان، اور تخلیقی سرگرمیوں کے نمائندہ رہے ہیں۔

    صوبۂ  جموں میں خطۂ  راجوری پونچھ کو اُردو ادب کے حوالے سے، ہمیشہ ایک خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ اس خطے نے دنیائے ادب کو کرشن چندر، چراغ حسن حسرتؔ،ٹھاکر پونچھی جیسے عظیم ادیب و شاعر دیئے ہیں ،اس مناسبت سے سارے ملک میں اس خطے کی ایک منفرد شناخت قائم ہے۔ یہ روایت ہنوز اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ قائم ہے۔ ، نئی نسل کا ادیب ادبی و تخلیقی، و تحقیقی میدان میں سنجیدہ اور سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ اور یہ اُمید ایک مستحکم یقین کی صورت اختیار کر چکی ہے کہ اس خطے کی منفرد ادبی شناخت ہمیشہ قائم رہے گی۔

    ’تفہیم‘ سنجیدہ اور عصری ادب کو منظرِ  عام پہ لانے،اور نئے و پرانے تخلیق کاروں کو ایک لڑی میں پرونے کی کاوش ہے۔ اس کا اوّلین شمارہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ آپ کی آرا مستقبل میں اس پرچے کے لئے رہنمایانہ اہمیت کی حامل ہوں گی۔

    گزشتہ چھ ماہ یعنی سال 2011؁ کے اواخر اور2012؁  کے آغاز کے ساتھ ہی اُردو کے کئی مقتدر ادیب و شاعر ہم سے رُخصت ہوئے جن میں فرید پربتیؔ، صلاح الدین پرویزؔ،شجاع خاورؔ، شہریارؔ، مغنی تبسمؔ اور مظہر امامؔ شامل ہیں۔ ’تفہیم‘ انہیں خراج َ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے علمی، ادبی اور تخلیقی کارناموں کے حوالے سے مستقبل میں خصوصی مضامین کی اشاعت کا سلسلہ شروع کرے گا۔ امید ہے اس سلسلہ میں اردو قلمکار ہم سے تعاون کریں گے۔

 ٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول