صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں


تا بہ فلک

ظہیر دانش عمری

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                          ٹیکسٹ فائل

چند اہم کتابیں 

چکنے  پات (۲۰۰۵ء): التفات امجدی

    

التفات امجدیؔ  کی رباعیات پر یہ مجموعہ مشتمل ہے۔ انہوں  نے  اپنی رباعیات میں  داخلی و خارجی احساسات کو موضوع سخن بنایا ہے۔ رباعی کا فن بڑی ریاضت کا تقاضا کرتا ہے۔ مجھے  خوشی ہے  کہ موصوف ایک حد تک اس میں  کامیابی حاصل کر چکے  ہیں۔ مذہبی رجحانات کا انہوں  نے  بڑے  اچھے  اور خوبصورت انداز میں  اظہار کیا ہے۔ مگر اور فن میں  پختگی کی ضرورت ہے۔ بھاری بھرکم الفاظ سے  ان کا گریز مجھے  پسند آتا ہے۔ حمدیہ و نعتیہ رباعیات کہہ کر انہوں  نے  اپنے  اللہ اور رسولؐ سے  عشق کا زندہ ثبوت فراہم کر دیا ہے۔ اس کتاب کا مقدمہ معروف شاعر ناوک حمزہ پوری (جو جو اپنی مختلف النوع سرگرمیوں  کے  حوالے  سے  اکثر و بیشتر ادب میں  موضوع گفتگو بنتے  ہیں ) نے  لکھا ہے۔ چنانچہ وہ لکھتے  ہیں : ’’ التفات کی بیشتر رباعیوں  میں  رباعی کی وہ ساری خوبیاں  موجود ہیں  جو اکثر ناقدان فن کے  بقول رباعی کے  حسن کو دوبالا کرتی ہیں۔ ‘‘ اور خود التفات امجدیؔ  نے  اپنے  فن کے  تعلق سے  خوش فہمی میں  مبتلا ہوئے  بغیر لکھا ہے  کہ ’’ اب یہ رباعیاں  آپ کی خدمت میں  حاضر ہیں، ان کے  حسن و قبح اور معیار و اقدار کا فیصلہ آپ کے  بالیدہ فہم و شعور پر منحصر ہے۔ مجھے  صرف یہ عرض کرنا ہے  کہ یہ رباعیاں  آپ کے  سنجیدہ مطالعہ کی متقاضی ہیں۔ ‘‘

    التفات کی دو رباعیات اور ان کے  تیور دیکھیں۔     ؂

میں  زیست کا ہر مسئلہ سلجھاتا ہوں

آلام کے  طوفان سے  ٹکراتا ہوں

پڑ جاتے  ہیں  جب چھالے  غمِ دوراں  کے

میں  حوصلوں  کے  تلووں  کو سہلاتا ہوں

٭٭٭

خاموش تکلم کی کہانی سن لو

روداد یہ غنچوں  کی زبانی سن لو

گرداب کی بانہوں  میں  سمٹ کر اک دن

کیا کہتی ہے  دریا کی روانی سن لو


نسبت بے  ستون (۲۰۰۲ء): ضر رؔ  وصفی


        ضر ر وصفی صاحبِ اسلوب شاعر ہیں، غزل اور نظم کے  منظر نامے  پران کا نام خاصا روشن ہے۔ غزل انہوں  نے  بہت خوبصورتی اور خو ب سیر تی کے  ساتھ کہی ہے۔ نظمیں  زبان و بیان کی چاشنی سے  لبریز ہیں۔ ظاہر سی بات ہے  قاری ایسی چیزوں  کو پسند کرتا ہے۔ رواں  دواں  اسلوب سے  بھرپور ان کی نظمیں  مزہ دے  جاتی ہیں۔ یہ بات لائقِ تحسین و قابلِ ستائش ہے  کہ انہوں  نے  ناقدین کی آراء سے  اپنا قد بڑھانے  کی کوشش نہیں  کی ہے۔ ہاں  ! کتاب کی ابتدا میں  سیّدہ امۃ الکلثوم (انیس) کا مختصر سا تعارفی مضمون شامل ہے۔ ویسے  بھی آج کل کے  ناقدین حق گوئی سے  دست بردار ہو چکے  ہیں۔ اس لیے  ان کی آراء کا آج وہ وزن باقی نہیں  رہا، جو کبھی تھا۔ بہر حال ضر رؔ نے  غزل میں  غزل کے  خاص مضامین کے  ساتھ ساتھ دوسرے  مضامین بھی شامل کیے  ہیں۔ نئے  اردفہ و قوافی سے  اپنی شاعری کو مزین کیا ہے  اور بہت حد تک کامیاب بھی ہوئے  ہیں۔ ضرر وصفی ہماری غزلیہ شاعری کے  ایک اہم شاعر کی حیثیت سے  ضرور یاد رکھے  جائیں  گے۔  ان کا ایک شعر بطور نمونہ پیش کر رہا ہوں     ؂

ثبوت تنکوں  کو دینا پڑا جسارت کا

لیا تھا برق نے  کل امتحان تھورا سا

***


خوش بیانیاں   (۲۰۰۳): نور الحسنین        


    نور الحسنین بنیادی طور پر افسانہ نگار ہیں۔ اور اسی حوالے  سے  ادب میں  ان کا نام بازگشت کرتا ہوا سنائی دیتا ہے۔ لیکن ان کی مذکورہ کتاب خاکوں  کا مجموعہ ہے۔ اپنی خاکہ نگاری کے  بارے  میں  موصوف کا اعتراف حقیقت پر مبنی ہے۔ وہ کہتے  ہیں :  ’’مجھے  اس بات کا بھی اعتراف ہے  کہ ان خاکوں  میں  کسی بھی شخصیت کی بھر پور اور حقیقی عکاسی میں  نہیں  کر سکا۔ البتہ میں  نے  ان کے  مزاج اور ان کے  رویوں  کو ضرور چھونے  کی کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی کچھ باتیں  ایسی ضرور ہیں  جن کا تعلق بہر حال حقیقت سے  ہے۔ ‘‘ نوارالحسنین کے  خاکوں  کا بنیادی وصف ان کی شگفتہ مزاجی ہے۔ جس کی بنا پر قاری کی طبیعت بوریت کی طرف مائل نہیں  ہوتی۔ انہوں  نے  بڑی سادہ زبان استعمال کی ہے۔ ان خاکوں  کے  مطالعہ کے  دوران بار بار مجھے  اس بات کا احساس ہوا ہے۔ جس طرح شاعری میں  جتنا زیادہ جھوٹ ہو گا وہ اتنی ہی اعلیٰ شاعری ہو گی بالکل اسی طرح جس خاکے  میں  حقیقت سے  قرب جتنا ہو گا، اتنا ہی زیادہ  وہ کامیاب اور اچھا خاکہ مانا جائے  گا۔ ان کی شگفتہ نگاری کی کچھ مثالیں  پیش کرنا چاہوں  گا۔ ملاحظہ فرمائیں۔

    ’’ میں  نے  پھر سوال کیا۔ لیکن اب تو زمانہ بدل رہا ہے  ‘‘

    وہ بولے۔ ’’میں  بھی تو سوٹ بدلتا رہتا ہوں۔ ‘‘

    ’’ رشید صاحب ایک مخلص انسان ہیں۔ اور اس لیے  وہ مفلس نہیں  ہیں  ورنہ سنا ہے  کہ مفلسی بہت ساری خوبیوں  کو ایسے  ہی کھا جاتی ہے  جیسے  دواؤں  کا بل مریض کو۔ ‘‘

٭٭٭٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں   

   ورڈ فائل                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول