صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں


روسی افسانے

ترجمہ و ترتیب: سعادت حسن منٹو

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                ٹیکسٹ فائل

سپاہی اور موت: افانسیف

پچیس سالہ خدمات کے دوران میں سپاہی کے بر خلاف افسران بالا کو کبھی شکایت کا موقع نہ ملا تھا۔ اس نے اپنی خدمات بڑی تند ہی اور جانفشانی سے سر انجام دی تھیں جب اس نے چاہا کہ نو کری سے مستعفی ہو کر زندگی کے بقایا ایام آرام سے گزارے تو افسران بالا نے اس کی در خواست رد کر دی۔

’’ میں خدا اور زار کی پورے پچیس سال خدمت بجا لایا ہوں اور اس دوران میں میرے متعلق کبھی شکایت کا موقع نہیں ملا۔ مگر اب جب کہ میں چاہتا ہوں کہ چند دن آرام سے گزاروں تو انہوں نے میری درخواست مسترد کر دی۔ اس سے یہی بہتر ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے یہاں سے بھاگ نکلوں۔‘‘ سپاہی نے بڑی سوچ کے بعد فیصلہ کیا۔

چنانچہ وہ ایک دن بھاگ نکلا۔تین دن کی بھاگم بھاگ کے بعد اسے راستے میں خدا ملا۔

’’ کیوں میاں سپاہی؟ کہاں جا رہے ہوں ؟‘‘ خدا نے سپاہی سے دریافت کیا۔

’’ میرے مالک! میں پورے پچیس سال اپنی خدمات ایماندارانہ بجا لایا ہوں۔  مگر اب وہ میرا استعفیٰ قبول نہیں کرتے۔ اس لئے میں ان سے بھاگ رہا ہوں۔‘‘

’’ جب تم نے پچیس سال تک اپنی خدمات بطریق احسن سر انجام دی ہیں تو آؤ! تمہیں اجازت ہے کہ میری بادشاہت میں داخل ہو جاؤ.... بہشت کے دروازے تم پر کھلے ہیں۔‘‘

چنانچہ بہشت کے دروازے کھل گئے۔ سپاہی اندر داخل ہو گیا۔ بہشت کی لطیف فضا اور پر کیف مناظر کو دیکھ کر دل میں کہنے لگا۔‘‘

’’ زندگی اسی کا نام ہے۔‘‘

’’ باغوں میں ٹہلتا ہوا فرشتوں کے پاس گیا اور کہنے لگا’’ آپ مجھے تمباکو بیچنے والے کی دوکان بتا سکتے ہیں ؟‘‘

کونسا تمباکو؟.... میاں ! تم اس وقت فوج میں نہیں ہو۔ یہ بہشت ہے.... خدا کی بادشاہت میں تمباکو کہاں ؟‘‘

سپاہی چپ ہو گیا.... مگر تھوڑی دیر کے بعد پھر ان فرشتوں کے پاس گیا اور کہنے لگا۔’’ تو پھر یہی بتلا دیجئے۔شراب کہاں ملتی ہے؟‘‘

’’ او خاکی پتلے.... تیرا ابھی تک یہی خیال ہے کہ تو فوج میں ہے۔ بہشت میں شراب کہاں ؟‘‘

’’ یہ بہشت کس طرح ہو سکتا ہے جہاں شراب اور تمباکو ہی نہیں ملتا۔‘‘ یہ کہہ کر وہ بہشت سے باہر چلا گیا.... وہ ایسی جگہ رہنے کو تیار نہ تھا جہاں شراب اور تمباکو نہ ملے۔زمین پر وہ بہت عرصہ تک چلتا رہا حتیٰ کہ اس کی خدا سے پھر ملاقات ہو گئی۔

’’ یہ بہشت کیسی جگہ ہے میرے خدا؟.... جہاں تم نے مجھے بھیجا تھا وہاں تو تمباکو اور شراب ہی نہیں ملتی۔‘‘

’’ بہت اچھا!.... اپنے داہنے ہاتھ کو چلے جاؤ۔ تمہیں وہاں ہر ایک شے مل جائے گی۔‘‘

وہ اپنے داہنے ہاتھ کی طرف چل پڑا.... راستے میں اسے بد روح ملی۔

’’میاں سپاہی! کسے ڈھونڈ رہے ہو؟‘‘

’’ پہلے مجھے کسی جگہ لے چلو.... تاکہ اطمینان سے گفتگو ہو سکے۔

چنانچہ سپاہی کو وہ ناپاک روح ایک گرم جگہ لے گئی۔

آپ کے ہاں تمباکو ہے کیا؟ سپاہی نے ناپاک روح سے دریافت کیا۔

’’ ہے! میرے اچھے سپاہی۔‘‘

’’ شراب بھی؟‘‘

’’ شراب بھی۔‘‘

’’ تو لاؤ.... دونوں چیزیں لاؤ۔‘‘

چشم زدن میں اس ناپاک روح نے دونوں چیزیں حاضر کر دیں۔ جب سپاہی کو دونوں چیزیں مل گئیں تو بہت خوش ہوا اور کہنے لگا۔ بہشت یہی ہے۔‘‘

لیکن جب گھومنے کے لئے باہر نکلا تو اسے بہت سی ناپاک روحیں نظر پڑیں جن کی شکلیں دیکھ کر وہ بہت گھبرا گیا.... چند دنوں کے بعد اس قدر اداس ہوا کہ سوچنے لگا کیا کرے۔‘‘

اچانک ایک روز اس کے دماغ میں ایک عجیب خیال آیا۔ لکڑی کا ایک گز بنا کر زمین ماپنے لگا کہ شیطان دوڑتا ہوا آیا اور پوچھنے لگا’’ کیا کر رہے ہو؟‘‘

’’ میاں سپاہی! کیا اندھے ہو؟ دیکھ نہیں رہے میں یہاں معبد بنانے لگا ہوں۔‘‘

شیطان دوڑتا ہوا اپنے بوڑھے دادا کے پاس گیا اور چلا کر کہنے لگا’’ محترم دادا! ہم تباہ ہو گئے.... یہ انسان یہاں معبد بنانے لگا ہے۔‘‘

یہ سن کر بوڑھا شیطان تھر تھر کانپتا ہوا خدا کے حضور میں گیا اور کہنے لگا’’ خداوند! آپ نے ہمارے پاس کس قسم کا انسان بھیجا ہے جو ہماری جگہ پر معبد بنانا چاہتا ہے۔‘‘

اس میں میرا کیا قصور؟.... تم نے ایسے انسان کو اپنی جگہ میں داخل ہی کیوں کیا؟‘‘

’’ خداوند! کسی نہ کسی طرح اس سپاہی کو واپس بلا لیجئے۔‘‘

’’ میں اسے کس طرح بلا لوں۔ وہ تو خود چاہتا تھا کہ تمہارے پاس جائے۔‘

’’آہ اب ہم ناچیز کیا تدبیر عمل میں لائیں۔‘‘بوڑھے شیطان نے روتے ہوئے کہا۔ خدا نے با رعب لہجہ میں جواب دیا۔’’ جاؤ! کسی نوجوان شیطان کی کھال اتار کر اس کا ڈھول بناؤ۔اس ڈھول کی آواز ہی اس سپاہی کو وہاں سے دور کر سکتی ہے۔‘‘

بوڑھے شیطان نے آتے ہی ایک نوجوان شیطان کو پکڑا اور اس کی کھال اتار کر ایک ڈھول پر منڈھ لی۔ سب کچھ تیار کر کے اس نے تمام شیطانوں کو اکٹھا کر کے حکم دیا۔’’ دیکھو! جونہی یہ سپاہی اس جگہ سے بھاگے۔ تم دروازے بند کر لو تاکہ وہ پھر یہاں نہ آ سکے۔‘‘۔۔۔ اقتباس

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول