صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
رقصِ شرر
ع۔واحد
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
نظمیں
حدود
ستاروں کی اور آسمانوں کی حد
زمیں کی زمیں کی فضاؤں کی حد
سمندر کی حد اور خشکی کی حد
ممالک کی حد براعظم کی حد
سیاست کی حد حکمرانوں کی حد
حسابوں کی حد گوشواروں کی حد
اصول و قوانین و آئیں کی حد
ولادت کے اور موت کے درمیاں
ہر اک سانس لینے والے کی حد
جرائم کی حد کفر و ایماں کی حد
کلیسا کی کعبہ کی مسجد کی حد
مدرسے کی حد درسگاہوں کی حد
علوم وفنون و مہارت کی حد
دوکانوں کی حد شاہراہوں کی حد
مکانوں گھروں قحبہ خانوں کی حد
خدایا تیری ذات برحق تجھے
سروکار حد و کراں سے نہیں
تیری مصلحت تیرے انصاف پر
تحیّر کا بندہ گنہگار ہے
عبادت گزاروں میں تیرے کوئی
شرارت پہ آمادہ کیسے ہوا
خطاوار جنت میں آدم ہوئے
گرفتار مخلوق کل ہوگئی
***
غریب الوطنی
تظمین بر مصرع حفیظ جونپوری
دھوپ ہوتی ہے نہ کچھ چھاؤں گھنی ہوتی ہے
روز و شب شام و سحر دل شکنی ہوتی ہے
مسکرالیتے ہیں گو دل پہ بنی ہوتی ہے
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
دور دنیا سے عزیزوں کے پیام آتے ہیں
بھائی بہنوں کے اقارب کے سلام آتے ہیں
اشک اور خون میں ڈوبے ہوئے جام آتے ہیں
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
کوئی لکھتا ہے کہ ہم حرف وفا بھول گئے
آکے پردیس سلام اور دعا بھول گئے
کھاکے لندن کی ہوا اپنی ادا بھول گئے
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
یاد کا زہر بہت تلخ مزا ہوتا ہے
پھر بھی پیتا ہوں کہ وہ نشہ بھی کیا ہوتا ہے
آج کچھ درد میرے دل میں سوا ہوتا ہے
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
وہی خوابیدہ سی آنکھیں وہی کاجل کی لکیر
صندلی ہاتھ پہ ہلکی سی حنا کی تحریر
ہوچکی اب تو خیالوں میں بھی دھندلی تصویر
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
میں تھکا ہارا بھی تھا گھر کے بھی آئے بادل
کسی متوالے نے لیکن نہ بڑھائی بوتل
بن گئے آج کھنڈر سارے خیالوں کے محل
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
بھائی حدّن* کی شکیلہ* کی وفاؤں کی قسم
نیّر* و راہی** کی معصوم دعاؤں کی قسم
اف وہ طالب* کی بلانوش اداؤں کی قسم
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
ساجد*** و خالد*** و اعجاز.*** گلہ کرتے ہیں
شاعری سے ہمیں کیوں بور کیا کرتے ہیں
کیسے سمجھائیں کہ کیوں شعر کہا کرتے ہیں
ہائے کیا چیز غریب الوطنی ہوتی ہے
* علی گڑھ کے احباب اور ان کا خاندان
** راہی معصوم رضا
*** سید محمد ساجد اور سید محمد خالد دونوں چھوٹے بھائی، اُن دنوں علی گڑھ میں مقیم، حال،۔ ساجد آبائی وطن جاؤرہ، ضلع رتلام، مدھیہ پردیش، ہند، خالد حال مقیم نیو یارک۔ اعجاز ۔ اعجاز عبید (اعجاز اختر۔ اصل نام، مدیر "سمت" اور اس کتب خانے کے ’مالک‘)
***