صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


قطع رحمی ....... قرآن وسنت کی روشنی میں

شیخ محمد ابراہیم صاحب الحمد
ترجمہ: عبد اللطیف معتصم 

ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

قطع رحمی کے اسباب

قطع رحمی کے مختلف اسباب ہیں


١۔ جہالت : قطع رحمی کے عواقب اور انجام سے ناواقفیت جس کی وجہ سے قطع رحمی کرنے پر اُتر آتا ہے چنانچہ صلہ رحمی کے فضائل اور خوبیوں سے جہالت قطع رحمی کا باعث بنتی ہے۔


٢۔ ضعفِ تقوی : جب تقوی اور خوفِ خدا اور آخرت کا جذبہ ضعیف و کمزور ہو تو اِنسان کو قطع رحمی کرتے ہوئے کوئی پرواہ نہیں ہوتی باوجود اِس کے کہ اللہ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا حکم دیا ہے، ایسے شخص کو نہ صلہ رحمی کے اَجر کمانے کی فکر ہوتی ہے اور نہ ہی قطع رحمی کے نقصانات کا اَندیشہ ہوتا ہے۔

٣۔ تکبر : بعض لوگ جب کسی بڑے منصب پر پہنچ جاتے ہیں یا کسی بلند مرتبے پر فائز ہو جاتے ہیں یا کوئی بڑا تاجر بن جائے تو رشتہ داروں کو حقیر سمجھنے لگ جاتے ہیں اور اُن کی زیارت کرنے اور اُن سے محبت سے پیش آنے میں عار محسوس کرتے ہیں اِس خیال کے پیشِ نظر کہ میرا حق بنتا ہے کہ لوگ میرے پاس آئیں اور میری زیارت سے مشرف ہوں ۔


٤۔ طویل جدائی : بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص ایک لمبا عرصہ اپنے رشتہ داروں سے کسی وجہ سے ملاقات نہیں کر پاتا جس کی وجہ سے اُسے اپنے رشتہ داروں سے ایک گونہ وحشت محسوس ہونے لگتی ہے چنانچہ پھر وہ ملاقات کرنے میں مزید تاخیر کرنے لگتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آہستہ آہستہ قطع رحمی پیدا ہونے لگتی ہے اور یہ شخص اِس خود پسندی کے نتیجے میں علیحدہ گی پسند بن جاتا ہے۔


٥۔ سخت اِظہارِ ناراضگی : بعض لوگوں کے پاس جب اُن کے رشتہ داروں میں سے کوئی ایک طویل عرصے کے بعد ملاقات کر نے آ جائے تو بے تحاشہ غیظ و غضب کا اظہار کر دیتا ہے کہ آنے میں اِتنی تاخیر کیوں کی؟ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آنے والے کے دِل میں نفرت پیدا ہو جاتی ہے اور اُس کے پاس آنے سے گھبراتا ہے اور قطع رحمی کرنے لگ جاتا ہے۔


٦۔ زیادہ تکلُّف کرنا : بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب کوئی رشتہ دار ملنے آتا ہے تو اُس کے اکرام و تواضع میں میزبان حد کر دیتا ہے اور بہت سارا مال ضائع کر دیتا ہے جبکہ اُس کی مالی استطاعت اِتنی نہیں ہوتی چنانچہ رشتہ دار اُس کے پاس آنے سے کتراتے ہیں کہ اُس کو نقصان سے بچائیں ۔


٧۔ مہمانوں کے ساتھ بے توجہی : بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جب اُن کے پاس رشتہ دار آتے ہیں تو میزبان کی طرف سے توجہ نہیں ملتی ،نہ اُن کی بات غور سے سنتا ہے، نہ محبت کا اظہار کرتا ہے، نہ اُن کے آنے پر شکریہ اَدا کرتا ہے، نہ خوش ہوتا ہے، ترش رُوئی اور سرد مہری سے پیش آتا ہے جس کی وجہ سے مہمانوں کے دِل میں اُس کے دیدار کا شوق کم ہو جاتا ہے اور یہ روِش رفتہ رفتہ قطع رحمی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول