صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
قرآن پاک، ایک تعارف
عبد الحئی عابد
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
اس کتاب کا مقصد
اللہ تعالیٰ نے جہالت، توہمات اور شرک کے اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو اس کتاب عظیم کی روشنی سے منور کیا۔ غار حرا کی تاریکیوں سے پھوٹنے والی اس عظیم الشان روشنی نے نبی رحمت کی قیادت میں ۲۳ سال کے قلیل عرصے میں عرب کے کونے کونے کو نور توحید سے منور کر دیا۔دنیاسے شرک و بدعت، جہالت، اور توہمات کا خاتمہ کیا اورانسانیت کو خدائے واحد کی بندگی و اطاعت سے بہرہ ور کیا۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا عدیم المثال معجزہ اور تمام علوم و فنون کا سرچشمہ ہے ۔ اس کے علوم و معارف کبھی ختم نہ ہونے والے ہیں ۔ چودہ سو سال سے ماہرین علوم و فنون قرآن کے علوم سے مستفید ہو رہے ہیں اور قیامت تک ہوتے رہیں گے ۔ اس کے علوم کبھی ختم نہیں ہوں گے ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس حیرت انگیز کتا ب کو ہر لحاظ سے معجزہ قرار دیا ہے ۔ یہ معجزہ ربانی ہمیشہ معجزہ رہے گا اور اس کا اعجاز تا قیامت قائم رہے گا۔ دین و عبادت کی تمام تر عمارت قرآن پر قائم ہے ۔ اس میں احکام بھی ہیں اور شرائع بھی، امثال و حکم اور مواعظ بھی، انذار و تبشیر بھی ہے اور جنت و دوزخ کی تفاصیل بھی، اقوام سابقہ کے عبرت آموز واقعات بھی ہیں اور ابدی نعمتوں اور راحتوں کے حصول کے طریقے بھی بیان کیے گئے ہیں ۔ الغرض، انسانی ضرورت کی کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو اللہ نے اپنی کتاب میں صراحت کے ساتھ بیان نہ فرما دی ہو۔ قرآن مجید میں ارشاد خداوندی ہے :
’’وھو الذی انزل الیکم الکتٰب مفصلا والذین آتینٰھم الکتٰب یعلمون انہ منزل من ربک بالحق فلا تکونن من الممترین۔‘‘
(سورۃ الانعام ۶:۱۱۴)
’’ اور وہ ایسا ہے کہ اس نے ایک کامل کتاب تمہارے پاس بھیج دی ، اس کے مضامین خوب صاف صاف بیان کیے گئے ہیں اور جن لوگوں کو ہم نے کتاب دی ہے وہ اس بات کو یقین کے ساتھ جانتے ہیں کہ یہ آپ کے رب کی طرف سے حق کے ساتھ بھیجی گئی ہے ، سو آپ شبہ کرنے والوں میں سے نہ ہوں ۔‘‘
٭٭٭٭٭٭٭٭