صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
کیا تُم پورا چاند نہ دیکھو گے
﴿ طویل نظم سے اقتباسات﴾
فہمیدہ ریاض
انتخاب: زرقا مفتی
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
اقتباس
ہماری نظریں کیوں گڑ جاتی ہیں زمین میں؟
اے زمین ہمیں جواب دے
ہم نے تجھے آنسوؤں کی چلمن سے دیکھا ہے
وردیوں سے بھری ٹرک گزر رہی ہے
اطمینان کا بھونپو بجاتی ہوئی
ایک دل میں۔۔۔
ایک نہتے دل میں
مچلی ہے پگلاہٹ
زمین پر پڑا پتھر منتظر آتا ہے
اسے کوئی ہاتھ میں اُٹھا لے کیا؟
زور سےدے مار ے اس وردیوں سے بھری ٹرک پر
شاید ، ان کے اندر
کہیں کسی گریبان میں
کوئی دل بھی ہو گا
جو چھن سے بج اُٹھے گا
ایک تنہا، نہتی آرزو مچل رہی ہے
ایک دل میں
ایک ہزار دلوں میں
بے شمار دلوں میں
کروڑوں دلوں میں دھڑکتی ہوئی
حلقوموں میں پھنستی ہوئی
مگر پھر بھی تنہا
مجبور ۔ مجبور
نہیں اس ٹرک میں کوئی دل نہیں
نہیں، اس میں صرف وردیاں بھی نہیں
اس میں بندوقیں ہیں
اور ان کی گولیاں دلوں سے ٹکراتی ہیں
تب آوازیں سُنتی نہیں
یہ تو آوازوں کو ہلاک کرنے کے لیے ہی چلائی جاتی ہیں۔۔۔۔
٭٭٭