صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


پھول نہیں کھل سکتے

 دلاور علی آزر

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

غزلیں

منظر سے اُدھر خواب کی پسپائی سے آگے

میں دیکھ رہا ہوں حدِ بینائی سے آگے


یہ قیس کی مسند ہے سو زیبا ہے اُسی کو

ہے عشق سراسر مری دانائی سے آگے


شاید مرے اجداد کو معلوم نہیں تھا

اک باغ ہے اس دشت کی رعنائی سے آگے


سب دیکھ رہی تھی پسِ دیوار تھا جو کچھ

تھی چشمِ تماشائی ، تماشائی سے آگے


اک دن جو یونہی پردۂ افلاک اُٹھایا

برپا تھا تماشا کوئی تنہائی سے آگے


ہم قافیہ پیمائی کے چکر میں پڑے ہیں

ہے صنفِ غزل قافیہ پیمائی سے آگے

٭٭٭



نئی ترتیب میں لایا گیا مَیں

قصیدہ تھا ، سو دہرایا گیا مَیں


غزل کا بھید پوشیدہ تھا مجھ میں

کسی مقطع میں رکھوایا گیا مَیں


کوئی کیسے مرا اِنکار کرتا

تِرے ہونٹوں سے فرمایا گیا مَیں


ہوائے زیست ایسی چل رہی تھی

کَل اُس جانب بھی گھبرایا گیا مَیں


وہ شب الہام کی شب تھی سو یارو

کسی معبد میں ٹھہرایا گیا مَیں


میں جھونکا تھا کوئی تازہ ہوا کا

ذرا جلدی میں ہی آیا گیا مَیں


ہُوا تھا جس کے ہاتھوں قتل آزر

اُسی کے ہاتھ نہلایا گیا مَیں

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول