صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں
مجھے حیرانی ہے
نعمان شوق
جمع و ترتیب:اعجاز عبید
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
فیشن شو
ایک کے بعد ایک
اپسرائیں آ رہی ہیں
جا رہی ہیں
زندگی کے زخم پر مرہم لگاتی
اجنتا اور ایلورا کی گپھاؤں سے نکل کر
آ رہی ہیں
جا رہی ہیں
ریمپ پر جاری ہے ان کا کیٹ واک
ٹیلی و یزن پر نگاہوں کو جمائے میرا بیٹا
اپنے ہاتھوں میں لئے بیٹھا ہے ریموٹ
اور میں نظریں بچا کر
اس کی آنکھوں میں اترتی
اور لہراتی ہوئی پرچھائیوں کو دیکھتا ہوں
ایک ہی ٹی وی ہے گھر میں
آج کی تازہ خبر بھی دیکھنی ہے
اور پھر دفتر بھی جانا ہے۔۔۔۔۔۔۔
پرانی کیل سے لٹکی ہوئی تصویر میں دلکش اداکارہ
مسلسل مسکرائے جا رہی ہے
ہوس کے بھوت بنگلے سے
بدن کے چاند کی خوشبو مسلسل آ رہی ہے !
٭٭٭
مجرا
کسی طوائف کے روزنامچے میں
سنہرے حروف میں لکھا جا رہا ہے
ہمارا نام !
تنزلی کے اکیسویں تہہ خانے میں ۔۔۔۔۔۔۔۔
مورّخوں کی نظر میں اکیسویں صدی کے کوٹھے پر
کلائیوں میں گجرے لپیٹے
ہم لطف لے رہے ہیں
بی بی سی اور سی ان ان کی ہائی ٹک محفل کا
جہاں سازندے لئے بیٹھے ہیں
ہارمونیم کی جگہ مشین گنیں
طبلوں کی جگہ انسانوں کے کٹے ہوئے سر۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اور ہم
مجرا دیکھ رہے ہیں
٭٭٭