صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


سید مسعود حسن رضوی ادیب

نیر مسعود

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                       ٹیکسٹ فائل

سید مسعود حسن رضوی ادیب کی ادبی زندگی

میرے سامنے ایک چھوٹی سی قلمی کتاب ہے جس کے سرورق کی عبارت یہ ہے :

۷۸۶

اشعار برائے بیت بازی

محمد مسعود طالب علم درجہ پنجم مڈل اسکول اوناؤ

۱۵ جنوری ۱۹۰۷ء

 روز سہ شنبہ

اس کتاب میں پ سے ذ تک گیارہ حروفِ تہجی سے شروع ہونے والے اشعار درج ہیں۔ جن شاعروں کے یہ شعر ہیں ان میں میر، نظیر، دیا شنکر نسیم، ذوق، غالب، انیس وغیرہ کے علاوہ متعدد نامعلوم شاعر بھی شامل ہیں۔ سعدی کا ایک فارسی شعر بھی ہے۔ یہ کتاب بیت بازی کے لیے مفید شعروں کا ایک دل چسپ مجموعہ ہے۔ لیکن اس کی اصل اہمیت یہ ہے کہ یہ پروفیسر سید مسعود حسن رضوی ادیب (پ ۲۹ جولائی ۱۸۹۳) کی پہلی تالیف ہے جو اُس وقت تیار ہوئی جب اُن کی عمر ساڑھے تیرہ سال کی تھی، وہ پانچویں جماعت کے طالب علم تھے(۱) اور ان کا نام محمد مسعود تھا(۲)۔ اس زمانے میں وہ بیت بازی کے مقابلوں میں تنہا پوری جماعت کو ہرا دیا کرتے تھے۔ مفید مطلب اشعار کی تلاش میں یہ انہماک اور مناسب محل پر ان کے استعمال کا سلیقہ ان کی سب سے مشہور تصنیف "ہماری شاعری" میں بہت کام آیا۔

    طالب علمی کے اس دور میں ان کو امانت کی "اندر سبھا" کے کئی حصے زبانی یاد تھے جو کبھی کبھی وہ اپنے ہم جماعتوں کو ترنم سے سنایا کرتے تھے۔ "اندر سبھا" سے اسی طفلانہ دلچسپی نے بعد میں علمی حیثیت اختیار کر کے ان سے ایک اور مشہور کتاب "لکھنؤ کا عوامی اسٹیج" لکھوائی۔

    مالی اور مادّی وسائل کے اعتبار سے ادیب پر طالب علمی کا یہ دور بہت سخت گذر رہا تھا۔ "اشعار برائے بیت بازی" کی جمع آوری سے تین چار سال پہلے ان کے والد حکیم سید مرتضیٰ حسین کوئی خاص اثاثہ پس انداز کیے بغیر ادیب کو، جو ان کی سب سے بڑی اولاد تھے، دس سال کی عمر میں بے سہارا چھوڑ کر چالیس سال کی عمر میں وفات پا چکے تھے۔ اپنی خودنوشت میں ادیب بتاتے ہیں:

’’والد کے انتقال کے بعد چاروں طرف اندھیرا تھا۔ عزیزوں میں کوئی ایسا نہ تھا کہ میرے تعلیمی مصارف کا بار اٹھاتا۔ مالی اعانت کا کیا ذکر، خالی مشورہ بھی کسی سے نہ مل سکا۔‘‘(۳)

اسی سلسلے میں وہ یہ بھی بتاتے ہیں:

’’تحصیل علم کے شوق کی آگ جو میرے دل میں دبی ہوئی تھی، وہ اس افسردگی کے عالم میں ضرور بجھ کر رہ جاتی اگر میری والدہ مرحومہ کی مردانہ ہمّت اسے بھڑکاتی نہ رہتی‘‘۔(۴)

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                       ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول