صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں


منظر آنکھوں میں

نثری نظمیں

طاہر اسلم گورا

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                          ٹیکسٹ فائل

سمندر کی بات بھی سُنو!

تُم تو بگلوں کی طرح ٹھنڈے پانی پر تیر نہیں سکتے

اور پھر پر پھڑپھڑا کے تیز یخ ہواؤں میں اُڑ نہیں سکتے

تُم تو تین سویٹر پہنے سمندر کنارے خشک پتھر پر بیٹھے سارا منظر دیکھ رہے ہو

تُم جب رُت بدلی ہے تو سمندر کنارے آئے ہو

دیکھنا دستانوں سے باہر تمہارے ہاتھ اس نظم کو لکھتے جم نہ جائیں

اپنے بیگ سے ٹوپی نکال سر پر لے لو

تمہاری داڑھی کے بال سردی سے ہنس رہے ہیں

ابھی تو برف گرنے کے دن نہیں آئے

تُم کیا بگلوں کو حیرت سے دیکھ رہے ہو

یہ تو تُمہاری آنکھوں کے سامنے اُڑتے ہیں

اور دور پانی میں اُتر کر پھر خود کو پانی کے حوالے کر دیتے ہیں

یہ بگلے اس طرح تیرتے ہیں جس طرح اُڑتے ہیں

بگلے اپنے آپ کو پانیوں کے حوالے کر دیتے ہیں،ہواؤں کے سُپرد کر دیتے ہیں

تُم اُن کو ٹھنڈے پانیوں پر تیرتے

اور یخ ہوا میں اُڑتے دیکھ کر سردی سے دُہرے ہوئے جاتے ہو

وہ دیکھو دُور بادبانی کشتی پانی کو پرکار کی طرح کاٹتی چلی جا رہی ہے

اُس پرکار سے پرے دور آسمان پانی کے ساتھ گُنبد بناتا نظر آتا ہے

یہ سب کُچھ تُمہاری آنکھ کے لئے دھوکہ ہے،حقیقت کُچھ اور ہے

چھوڑو حقیقت کو،تُم تو سمندر کو دیکھنے یعنی مُجھے دیکھنے آئے ہو

تُم تو قدرت کا یعنی نیچر کا تماشہ کرنے آئے ہو

تُم قدرت کا تماشہ دیکھنے کی اتنی تاب نہیں رکھتے

جاؤ جا کر کافی پیو

اور اس سنسان یخ کنارے سے اُٹھ کر دور ٹہلتے لوگوں میں جا ملو

٭٭٭

سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی سوچتا ہے اور سو جاتا ہے


سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی

آسمان کو اوپر سمندر جیسا دیکھتا ہے

سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی کروٹ بدلنے پر

آسمان اور سمندر کو ملتے دیکھتا ہے

سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی انجانے دیس کے جزیرے میں

انجانے آسمان اور انجانے سمندر کو حیرت سے دیکھتا ہے

اور سوچتا ہے

کسی دوسرے دیس کا آسمان اور سمندر مہربان بھی ہو سکتے ہیں

سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی دیکھتا ہے

بگلے پر پھیلائے ناچتے ہوئے زمین پر پھدکتے ہیں

فضا میں اُ ڑتے ہیں اور پانیوں پر تیرتے ہیں

سورج کی پہلی کرنیں سمندر کی لہروں کو چمکا کر رکھ دیتی ہیں

سمند ر کے کنارے لیٹے آدمی کو اپنے گھر میں نیند نہیں آتی

سمند ر کے کنارے لیٹا آدمی سمندر اور آسمان کو ایک ہی پاتا ہے

اور سو جاتا ہے

٭٭


٭٭٭٭٭٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول