صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


مولانا مناظر احسن گیلانی
مکتوب نگاری اور دوسری صلاحیات

امان اللہ راٹھور


ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

کتابوں پر تبصرہ 

    مکاتیبِ گیلانی کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ ان سے متعدد کتابوں پر مولانا کی رائے معلوم ہو جاتی ہے ۔ کسی کتاب پر مبصرانہ رائے دینا اور اس کے حسن و قبح پر اظہارِ خیال کرنا بالغ نظر نقّاد کا کام ہے ۔ اردو زبان و ادب میں تنقیدی اصولوں کی تاریخ کچھ زیادہ طویل نہیں ۔ اردو تنقید نگاری کے اصول و قواعد تو زیادہ سے زیادہ انیسویں صدی کے اوائل سے شروع ہوئے ہیں ۔ اور یہ اصول بھی شعری نقد و نظر کے فارسی اسلوب کا پرتو ہیں اور زیادہ تر غالب ، حالی ، شبلی اور آزاد کے تنقیدی اصول ہی کار فرما ہیں ۔ علمی کتابوں پر تبصرے اور ان کا علمی و ادبی معیار جانچنے کے لیے عہدِ سر سید سے قبل بہت کم سرمایہ موجود تھا ۔ مولانا گیلانی کسی کتاب پر تبصرہ کرتے ہیں تو اس کے مندرجات اور موضوع پر قدیم تاریخی معلومات بھی فراہم کر دیتے ہیں ۔ ادبی محاسن بیان کرتے ہیں تو ان کی تنقید پر عربی و فارسی ادبیات کے اثرات نظر آتے ہیں ۔ مولانا گیلانی کا مطالعہ بہت وسیع ہے اور علمی دنیا کا کوئی گوشہ ان کی نظروں سے اوجھل نہیں ۔ وہ علم و ادب کی کسی ایک شاخ تک محدود نہیں ہیں ۔ ان کے یہاں مختلف علوم و فنون کا حاصلِ مطالعہ نقد و نظر کے سخت معیار کے بعد پیش کیا جاتا ہے ۔ اپنی پسندیدہ کتابوں پر تبصرہ کرتے ہیں تو ان سے اپنی شیفتگی و وابستگی کا اظہار کرتے ہیں ۔ مثلاً ایک کتاب کے بارے میں لکھتے ہیں :
    ’دارلجواہر‘ کتابوں کا پیکٹ مع دستی رقعہ کے ملا۔ میری آرزو ملی۔ میں نے جو چاہا تھا ، آسمان میں اس کا حکم ہوا، زمین پر پورا ہوا‘‘۔ ۵؎
    ’حق کر دگار‘ کا شکریہ کن لفظوں میں کن جذبات کے ساتھ ادا کروں کہ مرنے سے پیش تر محمد یعقوب گیلانی کے مطبوعہ دستخطوں سے آراستہ میں نے اس کتاب کو دیکھ لیا جو سیدی الامام غوث الانام گیلانیؒ کے حالاتِ طیبہ سے آراستہ کی گئی ہے ۔‘‘۶؎
    مولانا گیلانی شیخ عبد القادر جیلانی کی کتابوں کو خصوصاً اور دیگر صوفیہ کے ملفوظات اور مواعظ کو بنی اسرائیل کے انبیاء کے خطبات و مقالات کا قائم مقام خیال کرتے تھے ۔ شیخ جیلانی کی کتاب ’فتوح الغیب‘ کے متعلق لکھتے ہیں :
    ’’فتوح الغیب نظر سے گزری ہو گی … ایک زمانے میں تو تقریباً اس کتا ب کی تلاوت کرتا تھا۔ سفر و حضر میں ساتھ رکھتا تھا ۔ ‘‘
٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول