صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


لشکری زبان

زیف سید

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

چلتا پھرتا شہر


    ہر چند کہ ہندوستان میں لفظ اردو کے استعمال کی چند قبل از مغل دور مثالیں مل جاتی ہیں، لیکن قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ لفظ بعد میں اضافہ کیا گیا ہے (شیرانی 1928ء)۔ تاہم ظہیر الدین بابر کے وقت یقینا لفظ اردو کا استعمال عام ہو چکا تھا ، حتیٰ کہ خود بابر نے اسے اپنی تزک میں لکھا ہے۔ اکبر کے دور میں اس لفظ کے مرکبات عام استعمال کیے جاتے تھے، مثال کے طور پر ‘اردوئے معلیٰ‘، ‘اردوئے علیا‘، ‘اردوئے بزرگ‘، حتیٰ کہ’ اردوئے لشکر‘۔تمام مرکبات میں اردو کا مطلب شاہی کیمپ ہے (شیرانی، 1929ء)۔ اکبر کے درباری وقیعہ نویس ابوالفضل نے اپنی مشہور کتاب ‘آئینِ اکبری‘ میں ایسی ہی ایک خیمہ گاہ ’اردوئے ظفر قریں‘ کا ذکر تفصیل سے کیا ہے:

    شاہی خیمے اور حرم کے لیے ایک 1530 گز لمبا میدان منتخب کیا گیا۔ ان میں سب سے بڑا اور اہم خیمہ گلال باڑ ہے جو ایک قلعہ نما، تہ ہو جانے والا چوبی خیمہ ہے جس کی لمبائی اور چوڑائی سو سو گز ہے۔ اس کے جنوبی حصے میں دربار ہے جس کے ۴۵ حصے ہیں، ہر حصہ ۴۱ ضرب ۴۲ گز ہے ۔ مرکز میں دو منزلہ چوبی شاہی محل ہے جہاں بادشاہ صبح عبادت کرتا ہے۔ بیگمات اس حصے میں بغیر اجازت داخل نہیں ہو سکتیں۔ اس سے ملحق 24 چوبی راوٹیاں (چوکور خیمے) ہیں ، ہر ایک 10 ضرب ۶ گز ہے جہاں بیگمات رہائش پذیر ہوتی ہیں۔ ۔۔ وسط میں بڑا چوبی دربار ہے ۔ ایک ہزار ملازم اسے نصب کرنے پر مامور ہیں۔ اس کے 72 دروازے ہیں اور اس میں دس ہزار لوگوں کی نشست کی گنجائش ہے۔ (شیرانی، 1929ء)

    آپ نے دیکھا کہ خیمہ گاہ کیا ہے، چلتا پھرتا شہر ہے۔ جرمن مورخ فریڈرک آگسٹس نے بھی اپنی کتاب ‘شہنشاہ اکبر‘ میں ایک خیمہ گاہ کا ذکر کیا ہے:

    ایسے ہر خیمے کی ترسیل کے لیے 1000 ہاتھی، ۵۰۰ اونٹ، ۴۰۰ بیل گاڑیاں اور ۱۰۰ قلی استعمال کیے جاتے تھے۔(آگسٹس 1885ء)

    ‘اردوئے ظفر قریں‘ میں ایک سفری ٹکسال بھی تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے بھی اردوئے ظفر قریں کہا جاتا تھا۔ یہ ٹکسال جہانگیر اور شاہجہاں کے وقت بھی زیرِ استعمال تھی اور بعد میں صرف اردو کہلانے لگی (شیرانی، 1929ء)۔ اس ٹکسال کے کئی سکے اب بھی پائے جاتے ہیں جن پر ‘ضربِ اردوئے ظفر قریں‘ کندہ ہے۔ ان میں سے کچھ سکوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

***


ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول