صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


خواتین اسلام

مولانا وحید الدین خان

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                  ٹیکسٹ فائل

دو خواتین

روی البخاری و مسلم ان علی ا سمع رسول الله صلی الله علیہ و سلم  یقول: خیر نسائہا مریم بنت عمران وخیر نسائہا خدیجة بنت خویلد.


''بخاری و مسلم نے حضرت علی سے روایت کیا ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم  کو یہ کہتے ہوئے سنا: ان کی سب سے بہتر خاتون مریم بنت عمران تھیں اور ان کی سب سے بہتر خاتون خدیجہ بنت خولید ہیں۔''


فتح الباری میں طیبی کا یہ قول نقل کیا گیا ہے کہ

'الضمیر الاول راجع الی الامة التی کانت فیہا مریم والثانی الی ہذہ الامة'۔

 یعنی حدیث کا مطلب یہ ہے کہ حضرت مریم امت یہود کی سب سے بہتر خاتون تھیں اور حضرت خدیجہؓ امت مسلمہ کی سب سے بہتر خاتون ہیں۔


یہ افضلیت کیوں تھی، اس پر مندرجہ ذیل دو احادیث سے روشنی پڑتی ہے:


روی البخاری ومسلم عن عائشة انہا قالت: ما غرت علی نساء النبی صلی الله علیہ و سلم  الا علی خدیجة، وان لم ادرکہا، قالت : وکان رسول الله صلی الله علیہ و سلم  اذا ذبح الشاۃ فیقول ارسلوا بہا الی اصدقاء خدیجة، قالت فاغضبتہ یوما فقلت، خدیجة: فقال رسول الله صلی الله علیہ و سلم  انی قد رزقت حبہا.


''حضرت عائشہ کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم  کی بیویوں میں مجھے خدیجہؓ کے سوا کسی کے اوپر غیرت نہیں آئی۔ حالانکہ میں نے ان کا زمانہ نہیں پایا۔ حضرت عائشہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم  جب بکری ذبح کرتے تو فرماتے کہ اس میں سے خدیجہ کی دوستوں کو بھیج دو۔ وہ کہتی ہیں کہ ایک روز مجھے اس پر غصہ آگیا اور میں نے کہا :خدیجہ! رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم  نے فرمایا: خدیجہ کی محبت مجھے پلا دی گئی ہے۔''


روی احمد والطبرانی من طریق مسروق عن عائشة قالت: کان رسول الله صلی الله علیہ و سلم  لا یکاد یخرج من البیت حتی یذکر خدیجة فیحسن الثناء علیہا فذکرہا یوما من الایام فاخذتنی الغیرۃ فقلت ہل کانت الا عجوزا قد ابدلک الله خیرا منہا. فغضب ثم قالا لا و الله ما ابدلنی الله خیرا منہا. آمنت اذ کفر الناس وصدقتنی اذ کذبنی الناس وواستنی بما لہا اذ حرمنی الناس ورزقنی الله منہا الولد دون غیرہا من النساء.


'' حضرت عائشہ کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم  خدیجہؓ کی تعریف کیے بغیر گھر سے نہ نکلتے تھے۔ ایک روز آپ نے خدیجہؓ کا ذکر فرمایا تو مجھے غیرت آگئی۔ میں نے کہا وہ ایک بڑھیا ہی تو تھیں اور اللہ نے اس کے بدلے آپ کو زیادہ بہتر دے دیا ہے۔ آپ غضب ناک ہو گئے اور فرمایا: خدا کی قسم، نہیں خدا نے مجھے خدیجہ سے بہتر نہیں دیا۔ وہ ایمان لائیں جب کہ لوگوں نے انکار کیا۔ انہوں نے میری تصدیق کی جب کہ لوگوں نے مجھے جھٹلا دیا۔ انہوں نے اپنے مال سے میری مدد کی جب کہ لوگوں نے مجھے محروم کیا۔ اور اللہ نے مجھے ان سے اولاد دی جو دوسری بیویوں سے نہ دی۔''


حضرت مریم اور حضرت خدیجہ کو تاریخ کی معیاری خواتین کی حیثیت کیوں حاصل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو ہمہ تن اللہ کے حوالے کر دیا۔ انہوں نے اپنی مرضی کو خدا کی مرضی میں ملا دیا۔


یہود کے آخری زمانہ میں ایک ایسی خاتون درکار تھیں جو حضرت مسیح جیسے معجزاتی پیغمبر کی ماں بن سکیں۔ اللہ تعالیٰ کا یہ منصوبہ تھا کہ وہ قوم یہود کے آخری پیغمبر کو باپ کے بغیر پیدا کرے۔ اس مقصد کے لیے ایسی خاتون درکار تھیں جن کی عصمت اور پاکبازی اتنی مسلم ہو کہ کسی کو ان کے بارہ میں ادنیٰ شبہ کی گنجائش نہ رہے۔ حضرت مریم نے اپنی غیر معمولی زندگی سے اس کا ثبوت دیا۔ اس لیے وہ حضرت مسیح کی ماں بنائے جانے کے لیے چن لی گئیں۔


اسی طرح آخری رسول کے حالات کے اعتبار سے ان کو ایسی خاتون کی ضرورت تھی جو اپنی زندگی اور اپنا اثاثہ پوری طرح پیغمبر کے حوالے کر دیں اور کبھی کسی بات پر شکایت نہ کریں۔ حضرت خدیجہؓ کے امتیازی اوصاف کی بنا پر خدا نے ان کو اس خدمت خاص کے لیے چن لیا۔ انہوں نے اپنی زندگی، اپنا اثاثہ، اپنا آرام و راحت، سب کچھ پیغمبر خدا کے لیے وقف کر دیا۔ سخت ترین مصائب کے باوجود کبھی اف نہ کیا۔ ان کی انہیں خصوصیات نے انہیں خدا کی نظر میں اس قابل بنایا کہ وہ پیغمبر آخر الزماں کی رفیقۂ حیات بنیں۔


اسلام کے مشن کے لیے ہر دور میں ایسی عورتوں اور ایسے مردوں کی ضرورت ہوتی ہے جو موجودہ امتحانی دنیا میں زیر عمل لائے جانے والی خدائی منصوبہ میں اپنے آپ کو شامل کریں۔ جو خدا کے کاگ میں اپنا کاگ ملائیں۔ اس میں شک نہیں کہ یہ بے حد صبر آزما عمل ہے، مگر اس میں بھی شک نہیں کہ اس کا اجر بہت زیادہ ہے۔ یہ وہ چیز ہے جس کو قرآن میں خدا کی مدد کرنا کہا گیا ہے۔ پھر جس کو خدا اپنا مددگار ہونے کا اعزاز بخشے اس کے فضل و کمال کا کیا ٹھکانا۔

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                  ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول