صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں


استشراق اور مستشرقین

عبدالحئی عابد

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                            ٹیکسٹ فائل

ابتدائیہ

سب سے پہلے تو حمد و ثنا ہے اس رب جلیل کی جس نے ہمیں حضرت محمد ﷺ کے ذریعے آخری آسمانی ہدایت کی نعمت سے نوازا اور ہمیں اس بار امانت کے قابل سمجھا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں تا قیامت اپنے فضل و کرم کے سائے میں رکھے ، ہماری راہ نمائی فرمائے ،  شیطان اور اس کے ساتھیوں کے مقابلے میں ہماری مدد فرمائے اور ہمیں صبر و ثبات اور ہمت و حوصلہ عطاء فرمائے۔

    زیر نظر مقالہ استاد مکرم جناب ڈاکٹر عبدالرشید رحمت صاحب کی ہدایت کے مطابق ایم فل ، سیکنڈ سمیسٹر کے پرچہ۔۔’’اسلام اور مستشرقین‘‘ کے حوالے سے ایک تعارف ہے ، جس میں استشراق کا مفہوم ،  مستشرقین کے عقائد و نظریات کا پس منظر، اسلام کے بارے میں مستشرقین کے عمومی رویوں کا بیان اور اسلام پر مستشرقین کے اعتراضات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

    مستشرقین کا تعلق زیادہ تر مغرب سے ہے اور ان کا مذہبی پس منظر عیسائیت اور یہودیت کا ہے۔ یہ دونوں قومیں اپنے آپ کو خدا کی چہیتی قومیں قرار دیتے ہیں۔ ان کا عقیدہ ہے کہ نجات کے لیے بس یہودی یا عیسائی ہو جانا ہی کافی ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد ، یہ دونوں اقوام اپنی آسمانی کتابوں میں بیان کی گئی پیش گوئیوں کی روشنی میں آخری زمانے میں آنے والے نبی کی منتظر تھیں۔ لیکن اللہ نے حضرت ابراہیم کے ساتھ کیے گئے وعدے کو دوسرے انداز میں پورا کیا۔یہود و نصاریٰ کی سرکشی، ظلم، نفاق،  انبیاء کے ساتھ غلط رویوں ،  کتاب اللہ میں تحریف اور احکام خدا کے ساتھ مذاق کی وجہ اور اصلاح کی ساری کوششوں کی ناکامی کے بعد کچھ اور ہی فیصلہ کر لیا تھا۔اس نے نبوت و رسالت کے عظیم منصب کو بنی اسرائیل سے واپس لے کر بنو اسماعیل کے ایک صادق و امین اور صالح ترین  فرد حضرت محمد ﷺ  کے سپرد کر دیا۔ اس پر یہود، باوجود اس کے کہ ساری نشانیوں سمیت آپ کو نبی کی حیثیت سے پہچان گئے تھے ، آپ کی مخالفت پر کمر بستہ ہو گئے اور اس سلسلے میں تمام اخلاقی حدود کو پامال کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں تفصیل سے ان اقوام پر اپنے

انعامات اور ان کی بدکرداری اور نافرمانی کا ذکر کیا ہے۔

    ان دونوں اقوام نے آغاز اسلام سے لے کر اب تک ہمیشہ اسلام کی مخالفت اور اسلامی تعلیمات کو شکوک و شبہات سے دھندلانے کی سعی و جہد کی ہے۔ اپنی کتابوں میں تحریف کر کے ہر اس آیت کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو کسی بھی صورت میں اسلام اور حضرت محمد ﷺ کے حق میں تھی۔ اسلام  کے افکار و نظریات میں تحریف کرنے ، غلط عقائد کو پھیلانے اور اسلام کے آفاقی پیغام کو غلط ثابت کرنے کی

 کوشش کی ہے۔ہم نے اس مقالے میں انہی چیزوں کو واضح کرنے کی سعی کی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس حقیر کوشش کو قبول فرمائے۔

 ٭٭٭٭٭٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                            ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول