صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
ہر جگہ آسمان
راجیش جوشی
ہندی سے ترجمہ : اجمل کمال، اعجاز عبید
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
ہر جگہ آسمان
راجیش جوشی معاصر ہندی ادب میں ایک اہم شاعر، نثرنگار اور مترجم کے طور پر معروف ہیں۔ وہ ۱۹۴۶ میں نرسنگڑھ، مدھیہ پردیش، میں پیدا ہوے۔ تعلیم بھوپال میں پائی اور وہیں رہتے ہیں۔ "آج کی کتابیں" کے زیرِ اہتمام ۱۹۸۵ میں شائع ہونے والے ایک انتخاب "بارہ ہندوستانی شاعر" میں راجیش جوشی کے پہلے مجموعے "ایک دن بولیں گے پیڑ" سے کچھ منتخب نظمیں شامل کی گئی تھی۔ زیرِ نظر نظمیں ان کے دوسرے مجموعے "مٹی کا چہرہ" سے منتخب کی گئی ہیں۔ راجیش جوشی کہانیاں بھی لکھتے ہیں۔ ان کی کہانیوں کا ایک مجموعہ "سوموار اور دوسری کہانیاں" کے عنوان سے شائع ہو چکا ہے۔ وہ بھوپال سے ایک ادبی رسالہ "اس لیے" بھی شائع کر چکے ہیں۔
ہر جگہ آسمان
بولے اور سنے جا رہے کے درمیان
جو دوری ہے
وہ ایک آسمان ہے
میں كھونٹی سے اتار کر ایک قمیض پہنتا ہوں
اور ایک آسمان کے اندر گھس جاتا ہوں
میں جوتے میں اپنا پاؤں ڈال سکتا ہوں
اور ایک آسمان موزے کی طرح چڑھ جاتا ہے
میرے پاؤں پر
نیل كٹر سے اپنے ناخن کاٹتا ہوں
تو آسمان کا ایک ٹکڑا کٹ جاتا ہے
ایک نا قابل تقسیم خلا ہے آسمان
جو نہ کہیں سے شروع ہوتی ہے
نہ کہیں ختم
میں دروازہ کھول کر گھستا ہوں،
اپنے ہی گھر میں
اور ایک آسمان میں داخل ہوتا ہوں
سیڑھیاں چڑھتا ہوں
اور آسمان میں دھنستا چلا جاتا ہوں
٭٭٭