صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
گلزَارِ نعت
غلام ربانی فداؔ
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
ﷺ
خوشبوؤں سے مہکنے لگی ہے فضا، لے کے اسلام خیرالوریٰ آ گئے
بتکدے ہل گئے آ گیا زلزلہ، رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
دے رہے ہیں شجر اور حجر یہ صدا، لے کے سرکار دینِ ہدیٰ آ گئے
رب نے مقبول کر لی خلیلی دعا رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
بیکسوں، بے سہاروں کو حامی ملا اور یتیموں غریبوں کو والی ملا
اے مریضو! تمہیں چارہ گر مل گیا رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
ذرّے ذرّے میں تابندگی آ گئی آفتاب و قمر جگمگانے لگے
کہہ رہے ہیں ستارے بھی صلِّ علیٰ رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
اونٹنی جو تھی بیمار اچھی ہوئی دودھ اب وہ زیادہ جو دینے لگی
یہ حلیمہ نے خوش ہو کے سب سے کہا رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
جس نے دیکھا انہیں دیکھتا رہ گیا پڑھ کے صلِّ علیٰ یہ ہی کہتا رہا
کیوں نہ ہو نام پر ان کے شیدا فداؔ رحمت عالمیں مصطفی آ گئے
٭٭٭
ﷺ
بزمِ نوری سے طیبہ کے جلوے لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
دل سے اپنے عقیدت کے جذبے لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
ہے نگاہوں میں طیبہ کا منظر دل میں پنہاں ہے بس یادِ سرور
جامِ عرفاں سے مستی کے قطرے لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
ہند میں غم کا مارا ہوا ہوں اور بد بخت و بے آسرا بھی
سیرتِ پاک کے سارے قصّے لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
زائرینِ حرم!جا کے کہنا کیفیت کو مری شاہِ دیں سے
آج آنکھوں میں اشکوں کے موتی لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
کیوں نہ گھر گھر میں مقبول ہو یہ کیوں نہ تاثیر ہو اس کی سب پر
خاکِ اجمیر کے پاک ذرّے لے کے نعتِ نبی لکھ رہا ہوں
٭٭٭