صفحہ اول کتاب کا نمونہ پڑھیں
دین کی باتیں (فقہ احناف)
نا معلوم
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
کتب الصلوٰۃ
مسئلہ : جب الحمد اور سورۃ پڑھ چکا، بھولے سے کچھ سوچنے لگا اور رکوع کرنے میں اتنی دیر ہوئی جتنی کہ اوپر بیان ہوئی تو سجدۂ سہو کرنا واجب ہے۔
مسئلہ
: اسی طرح اگر پڑھتے پڑھتے درمیان میں رک گیا اور کچھ سوچنے لگا اور
سوچنے میں اتنی دیر لگ گئی یا جب دوسری یا چوتھی رکعت پر التحیات کے لیے
بیٹھا تو فوراً التحیات شروع نہیں کی کچھ سوچنے میں اتنی دیر لگ گئی یا جب
رکوع سے اٹھا تو دیر تک کچھ کھڑا سوچا کیا یا دونوں سجدوں کے بیچ میں جب
بیٹھا تو کچھ سوچنے میں اتنی دیر لگا دی تو ان سب صورتوں میں سجدۂ سہو
کرنا واجب ہے غرض کہ جب بھولے سے کسی بات کے کرنے میں دیر کر دے گا یا کسی
بات کے سوچنے کی وجہ سے دیر لگ جائے گی تو سجدۂ سہو واجب ہو گا۔
مسئلہ
: تین رکعت یا چار رکعت والی فرض نماز میں جب دو رکعت پر التحیات کے
لیے بیٹھا اور دو دفعہ التحیات پڑھ گیا تو سجدۂ سہو واجب ہے اگر التحیات
کے بعد اتنا درود شریف بھی پڑھ گیا۔ ’’اللہم صلی علی محمد‘‘ یا اس سے
زیادہ پڑھ گیا تب یاد آیا اور اٹھ کھڑا ہوا تو بھی سجدۂ سہو واجب ہے اور
اگر اس سے کم پڑھا ہو تو سہو کا سجدہ واجب نہیں ۔
مسئلہ
: نفل نماز میں دو رکعت پر بیٹھ کر التحیات کے ساتھ درود شریف بھی
پڑھنا جائز ہے اس لیے کہ نفل میں درود شریف کے پڑھنے سے سہو کا سجدہ نہیں
ہوتا۔ البتہ اگر دو دفعہ التحیات پڑھ جائے تو نفل میں بھی سجدۂ سہو واجب
ہے۔
مسئلہ : التحیات پڑھنے بیٹھا مگر بھولے سے التحیات کی جگہ کچھ اور پڑھ گیا یا الحمد پڑھنے لگا تو بھی سجدۂ سہو واجب ہے۔
مسئلہ
: نیت باندھنے کے بعد ’’سبحانک اللہم‘‘ کی جگہ دعائے قنوت پڑھنے لگا
تو سہو کا سجدہ واجب نہیں ، اسی طرح فرض کی تیسری یا چوتھی رکعت میں اگر
الحمد کی جگہ التحیات یا کچھ اور پڑھنے لگا تو بھی سہو کا سجدہ واجب نہیں ۔
مسئلہ
: تین رکعت یا چار رکعت والی نماز میں بیچ میں بیٹھنا بھول گیا اور
دو رکعت پڑھ کی تیسری رکعت کے لیے کھڑا ہو گیا تو اگر نیچے کا آدھا دھڑ
ابھی سیدھا نہیں ہوا ہو تو بیٹھ جائے اور التحیات پڑھ لے تب کھڑا ہو اور
ایسی حالت میں سجدۂ سہو کرنا واجب نہیں ۔ اگر آدھا دھڑ سیدھا ہو گیا تو نہ
بیٹھے بلکہ کھڑے ہو کر چاروں رکعتیں پڑھ لے فقط اخیر میں بیٹھے اور اس
صورت میں سجدۂ سہو واجب ہے اگر سیدھا کھڑا ہو جانے کے بعد پھر لوٹ آئے گا
اور بیٹھ کر التحیات پڑھے گا تو گنہگار ہو گا اور سجدۂ سہو کرنا اب بھی
واجب ہو گا۔
مسئلہ : اگر چوتھی رکعت پر
بیٹھنا بھول گیا اور اوپر کا دھڑ بھی سیدھا نہیں ہوا تو بیٹھ جائے اور
التحیات اور درود وغیرہ پڑھ کے سلام پھیرے اور سجدۂ سہو نہ کرے اور اگر
سیدھا کھڑا ہو گیا تب بھی بیٹھ جائے بلکہ اگر الحمد اور سورۃ بھی پڑھ چکا
ہو یا رکوع بھی کر چکا ہو تب بھی بیٹھ جائے اور التحیات پڑھ کر سجدۂ سہو
کرے البتہ رکوع کے بعد بھی یاد نہ آیا اور پانچویں رکعت کا سجدہ کر لیا تو
فرض نماز پھر سے پڑھے یہ نماز نفل ہو گئی، ایک رکعت اور ملا کر پوری چھ
رکعت کر لے اور سجدۂ سہو نہ کرے اور اگر ایک رکعت اور نہیں ملائی یا
پانچویں رکعت پر سلام پھیر دیا تو چار رکعتیں نفل ہو گئیں اور ایک رکعت
اکارت گئی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭