صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں
چار بڑے اَقطاب
[الجیلانی- الرفاعی-البدوی-الدسوقی]
شیخ یونس بن اِبراہیم السامرائی
ترجمہ و ترتیب :محمد اَفروز قادری چریاکوٹی
ڈاؤن لوڈ کریں
ورڈ فائل ٹیکسٹ فائل
مقدمہ
جملہ تعریفیں اللہ رب العزت کے لیے زیبا ہیں جس نے اپنے اولیا کے لیے ہدایت کی راہیں وا فرمادیں۔ اُن کے ہاتھوں پر خیرات وکرامات ظاہر کیں۔ اورہر قسم کے ناموزوں کاموں سے انھیں محفوظ فرمادیا۔ تو اُن کے نقش قدم کی پیروی کرنے والا ہی صحیح معنوں میں کامیاب اور ہدایت یاب کہلا سکتا ہے، ورنہ اُن کے طریقوں سے منہ پھیرنے والوں کے مقدر میں تونامرادی اور در بدری لکھ دی گئی ہے۔
صلوٰۃ و سلام کے گلدستے نچھاور ہیں محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں جو لوگوں کو چاہِ ضلالت اور قعر مذلت سے نجات دلانے والے ہیں۔ نیز آپ کی آل اطہار واَصحابِ اخیار پر بھی اللہ کی رحمتوں کا نزول ہو جو (رہتی دنیا تک) رشدو ہدایت کے روشن مینارے ہیں۔
حمدوصلوٰۃ کے بعد عرض ہے کہ زندہ قوموں کی یہ علامت اوربامِ ترقی پر فائز اُمتوں کا یہ شعار رہا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے محسنوں، عظیم ہستیوں اور عبقری شخصیتوں کی یاد وں سے خود کو معمور رکھتی ہیں، تاکہ اُن کی بے داغ سیرتیں اُن کے ذہن وفکر کو جلا بخشتی رہیں، نیز اُن کے بے مثال کارناموں کے ذکر سے آئندہ نسلوں کا مزاج خمیر ہو سکے۔
تاریخ اِسلامی ایسے جلیل القدراور عبقری مسلمانوں کے کارناموں سے بھری پڑی ہے جن کی شہرتوں کا دائرہ کائنات گیر ہے، کیوں کہ اُن کا خمیر ایمان باللہ، تقویٰ و صلاح، بلند اخلاقی،اور راست سیرت پراُستوار تھا۔ ایسی ہی عبقری شخصیتوں میں شیخ عبدالقادر الکیلانی، شیخ سیداحمد کبیر الرفاعی، شیخ سید احمد البدوی، اور شیخ سیدابراہیم الدسوقی کا نام سرفہرست آتا ہے۔ -اللہ ان پر رحمت ورضوان کے پھول برسائے-
میری یہ کتاب اِن جلیل القدراولیاء اللہ کے ذکر جمیل پر بطورِ خاص روشنی ڈالتی ہے، کیوں کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بیشترحضرات ان شخصیتوں کی حیات و خدمات کے تعلق سے بہت ہی سطحی علم رکھتے ہیں، اوراُن کے حقیقی مقام و مرتبے سے ناواقف ہونے کے باعث طرح طرح کی بدعات و خرافات اور مبالغات و لغویات اُن سے منسوب کر دیتے ہیں۔
لہٰذا میں نے چاہا کہ حقائق کے چہرے سے پردہ اُٹھا کر اُن کی شخصیت کا بے غبار آئینہ لوگوں کے روبروپیش کر دیا جائے۔ خدا کرے میری یہ کاوشِ شرفِ قبولیت سے ہمکنار ہو، اور اولیاء وصالحین کے عقیدت مند اس سے بھرپور طریقے پرمستفید ومستفیض ہوں۔ -اور توفیق خیردینے والا بس اللہ ہے-٭
یونس السامرائی
(٭)
موقع کی مناسبت سے یہ مقدمہ، اِنتساب، نیز درمیانِ کتاب میں
کچھ خاص خاص چیزیں میں نے شیخ کی تفصیلی کتاب سے مستعار لی
ہیں، مگر جہاں جہاں اِضافہ ہواہے، التزاماً نشاندہی کر دی
ہے۔- چریاکوٹی-
٭٭٭