صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


چاند چھت پہ مری اُتر آیا

محمد سبکتگیں صبا

جمع و ترتیب:اعجاز عبید

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                     ٹیکسٹ فائل

غزلیں

بارے مُدت کے یہ ہُنر آیا

میری باتوں مین کُچھ اثر آیا


ختم ہونے کو یہ سفر آیا

"ہر طرف سے میں بے خبر آیا"


کون کہتا ہے رستہ مُشکل ہے

دیکھئے میں بھی تو گُذر آیا


اب تو باری ہے میرے دُشمن کی    

جو بھی کرنا تھا میں وہ کر آیا


دم ہے اٹکا ہُوا ابھی جس میں

اُس نے آنا تھا وہ نہ پر آیا


کس کو ڈھُونڈھوں میں کس کو دوں الزام

ایک سر تھا ملا،میں دھر آیا


آنکھ تو اُس کے دُکھ میں روئی تھی

دل بھی جانے مرا کیوں بھر آیا


مُجھ کو رستہ دیا ہے دریا نے

میرے رستے میں جو بھنور آیا


جس کے جانے کا تھا بُہت چرچا

آج چُپکے سے میرے گھر آیا


میرے ہونے سے تھا حجاب اُس کو

میرے جاتے ہی بن سنور آیا


یہ تو رستہ ہے سیدھا جنت کا

مولوی تُو ،ا دھر ، کدھر آیا


جیسے قابض ہوا تھا سوچوں پر

مری دل میں بھی یوں ہی در آیا


مُجھ کو اس بات کا ہی دھڑکا تھا

آج وہ بھی وہیں نظر آیا


جب کہیں بھی اُسے پناہ نہ ملی

چاند چھت پہ مری ، اُتر آیا


مُجھ سے سب نے نگاہ پھیری ہے

یہ بھلا کون مُعتبر آیا


مجھ کو بھیجا گیا تھا دُنیا میں

کون کہتا ہے میں سُدھر آیا


دھُوپ لپٹی صبا کے قدموں میں

آج اوڑھے جو وہ شجر آیا

٭٭٭




ہائے ، وہ معصوم اور سادہ سا پیار

جس کو ہم نے کر دیا ہے کاروبار


ایک وہ چالاک ، حضرت ، ہوشیار

ایک ہم بُدھو ، اُجڈ ، جاہل ، گنوار


کس لئے کرتے ہو تم مشقِستم

دل ہمیشہ ٹُوٹتا ہے ایک بار


ہم نہ جانے کس لئے مغرور ہیں

پالنے والا فقط پروردگار


میری باتیں سن کے وہ گویا ہوئے

آپ کی باتوں کا ہے کیا اعتبار


دیکنا یہ ہے کہ تُم کس کے ہوئے

چاہنے والے تمہارے بے شمار


دے رہا ہے بارشوں کی پھر نوید

پر طرف چھایا ہوا گرد و غُبار


تیرا دیوانہ ہوا بے ننگ و نام

ہے گریباں چاک دامن تار تار


ایک دل قابو میں تھا پہلے کبھی

اب تو اس پر بھی نہیں ہے اختیار


ہے مرا سرمایہ فُقر و فاقہ بس

میں بھی تو کہلاؤں گا سرمایہ دار


غیر کے تابع ہوئے جب سے صبا

ہم نے اپنا کھو دیا سارا وقار

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                     ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول