صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


اٹک کے اہل قلم

مرتبہ:ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد

ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

غلام ربانی عزیز

غلام ربانی عزیز۱۳ جنوری۱۸۹۸ء کو میاں قاسم شاہ کے گھر کنٹ تحصیل پنڈی کھیب ضلع اٹک میں پیدا ہوئے۔ آپ کا خاندان علم و فضل کے حوالے سے معروف تھا۔ ہندو اور مسلمان بچے ان سے مسجد میں تعلیم پاتے تھے۔بسال آپ کے بزرگوار کا مسکن تھا۔ مگر بسلسلہ ملازمت آپ کے والد کنٹ میں مقیم رہے۔ آپ کے برادر اکبر مولوی نور الحق علوی اور برادر اصغر ڈاکٹر غلام جیلانی برق ہندوستان گیر شہرت کے حامل تھے۔اول الذکر شخصیت کو استاد اقبال ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔غلام ربانی عزیز پرائمری کے بعد جونیئر سپیشل کے لیے کیمبل پور (اٹک) میں داخل ہوئے مگر جلد ہی آپ کے والد محترم نے آپ کو سکول سے اٹھوا لیا اور اپنے بڑے بیٹے اور الحق علوی کے پاس چھوڑ دیا تاکہ وہ آپ کو مولوی بنا سکیں۔

دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ آپ نے دنیاوی تعلیم بھی جاری رکھی اور ایم۔اے عربی،ایم۔ اے فارسی، ایم۔او۔ایل (عربی) ایم۔او۔ایل(فارسی) اور آنرز ان اردو کے امتحانات پاس کیے۔ آپ دیو بند میں بھی ایک سال زیر تعلیم رہے جہاں آپ کو مولانا انوا شاہ اور مولانا شبیر احمد عثمانی کی شاگردی کا شرف ملا۔ تکمیل تعلیم کے بعد آپ گورنمنٹ زمیندار کالج گجرات اور ایمرسن کالج ملتان میں لیکچر اور اسلامیہ کالج قصور کے پرنسپل رہے۔ ریٹائر منٹ کے بعد آپ مستقلاً اٹک میں مقیم رہے۔آپ نے طویل عمر پائی ۷فروری۲۰۰۰ء کو انتقال فرمایا۔

غلام ربانی عزیز نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ تصنیف و تالیف میں بسر کیا۔ علامہ نیاز فتح پوری، علامہ عنایت اﷲ المثرقی اور ہندوستان کے دیگر مشاہیر کے ساتھ آپ کے مراسم تھے۔ آپ کی ایک کتاب ’’سیرت طیبہ‘‘ پر حکومت کی طرف سے آپ کو نقد انعام دیا گیا۔ آپ کی چند کتابوں کے نام یہ ہیں۔

’’دیوان واقف‘‘ (تدوین) ’’دیواندلشاد پسروری‘‘ (تدوین)

’’دیوان غنیمت‘‘ (تدوین) ’’تاریخ خوارزم شاہی‘‘ (تاریخ)

’’اسلام کا طول و عرض‘‘ (ترجمہ) ’’نظام تعلیم اور معاشرہ‘‘ (ترجمہ)

’’سیرت طیبہ‘‘ (دس جلدیں )

مولانا اختر شادانی

اختر شادانی کا اصل نام محمد اذکار الحق صدیقی ہے۔ آپ مشرقی پنجاب کے شہر رہتک میں مولانا محمد اسرار الحق المعروف بہ ’’طوطی ہند‘‘ کے گہر پیدا ہوئے آپ کی تاریخ ولادت ۳ مارچ۱۹۱۵ء ہے آپ نے عربی فارسی کی تعلیم اپنے دادا حاجی انصار الحق سے حاصل کی۔ بعد از آن جامعہ پنجاب سے منشی فاضل ،ادیب فاضل اور میٹرک کے امتحانات پاس کیے۔ اس کے بعد میوسکو آپ آرٹس لاہور سے کارپینٹری اور ڈرائنگ کا ڈپلومہ اور محکمہ تعلیم پنجاب سے او۔ ٹی کی سند حاصل کی۔پبلک ہا ئی سکول احمد گڑھ خالصہ ہائی سکول جالندھر، گورنمنٹ ہائی سکول کہوٹہ، گورنمنٹ ہائی سکول حسن ابدال اور گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول اٹک میں تدریس کے فرائض انجام ادا کیے اور ۱۹۷۵ء میں سبکدوش ہوئے

مولانا اختر شادانی نے ۱۹۳۵ء میں شاعری کا آغاز کیا۔ حضرت اولاد حسین شاداں بلگرامی آپ کے استاد ہیں۔ کچھ عرصہ آپ حضرت احسان دانش سے بھی اصلاح لیتے رہے۔ آپ نے بے شمار غزلیں ،نعتیں اور قصیدے لکھے مگر ہنوز آپ کا کوئی مجموعہ کلام شائع نہیں ہو سکا۔ آپ مجلس ادارات علمیہ اور محفل شعرو ادب کے اساسی رکن ہیں۔

نذر صابری

نذر صابری کا اصلی نام غلام محمد ہے۔ آپ یکم نومبر۱۹۲۳ء کو مولوی علی بخش کے گھر ملتان میں پیدا ہوئے۔جالندھر آپ کے آباء و اجداد کا وطن اور آپ کا منشا ہے۔آپ گورنمنٹ ہائی سکول جالندھر سے میٹرک ،اسلامیہ کالج جالندھر سے بی۔اے آنرز اور پنجاب یونیورسٹی سے ڈپلومہ ان لائبریرین شپ کا امتحان پاس کیا۔ آپ کے اساتذہ میں مولوی عبد اﷲ اور سید فیضی کے اسماء شامل ہیں۔ آپ نے قرات و تجوید کے چند رسائل اپنے والد گرامی سے پڑھے۔تقسیم ہندوستان سے قبل آپ اسلامیہ کالج جالندھر میں کتاب دار رہے۔ پاکستان کے قیام کے بعد پنجاب پبلک لائبریری میں اسسٹنٹ کیٹلاگر مقرر ہوئے بعد از  آں آپ گورنمنٹ کالج اٹک میں کتاب دار مقرر ہوئے یہاں آپ پروفیسر مرزا محمد رشید پرنسپل گورنمنٹ کالج اٹک کی دعوت پر آئے۔آپ ریٹائر منٹ تک اسی ادارے سے وابستہ رہے۔آپ نے دوران ملازمت ایم۔اے فارسی کا امتحان بھی پاس کر لیا۔

نذر صابری نے ۱۹۳۸ء میں مشق سخن آغاز کی۔ شاعری کے ساتھ ساتھ تحقیق اور تنقید بھی آپ کی دلچسپیوں کے مرکز ہیں۔آپ نے ۱۹۵۷ میں محفل شعرو ادب اور ۱۹۶۳ء میں مجلس نوادرات علمیہ کی بنیاد ڈالی یہ دونوں تنظیمیں تا حال مصرف عمل ہیں۔ یہ دونوں تنظیمیں ادبی افق کی درخشانی میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔آپ دونوں تنظیموں کے بانی اور سیکرٹری ہیں۔’’واماندگی شوق‘‘ آپ کا نعتیہ مجموعہ ہے آپ کی چند مطبوعہ کتب کے نام یہ ہیں

دیوان شاکر اٹکی (قصہ مشائخ)

غایتہ الامکان فی معرفتہ الزمان و المکان

انتخاب دیوان ظفر احسن۔

***


ڈاؤن لوڈ کریں 

   ورڈ فائل                                                                          ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول