صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


شیخ علی بن عثمان الہجویریؒ
اور ان کی کتاب کشف المحجوب پر ایک نظر

ڈاکٹر رئیس احمد نعمانی

ڈاؤن لوڈ کریں 

ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

تحصیلِ علم

    شیخ ہجویریؒ کی ابتدائی تعلیم و تربیت کا حال کسی تذکرہ نویس نے نہیں لکھا، نہ خود حضرت شیخ نے اپنی کسی تحریر میں درج کیا۔ البتہ کشف المحجوب میں غیر مبہم طور پر شیخ ابوالعباس احمد بن محمد الاشقانی کو اپنا استاد بتایا ہے، جن کے بارے میں لکھا ہے:

’’۔۔۔۔ اندرفنون علم اصول وفروع امام بود… مرابا اوانسی عظیم بود ویرا برمن شفقتی صادق،واندر بعضی علوم استاد من بود، ہرگز تامن بودم از ہیچ صنف کسی ندیدم کہ شرع رابہ نزدیک او تعظیم بیشتر از آن بود کہ بہ نزدیک وی بود۔۔۔وبجز امام محقق را ازوی فائدہ نبودی اندر دقّت عبارتش در علم اصول‘‘۶؎

( علم کے فنون اور اصول و فروع میں امام تھے ۔۔۔ مجھے ان سے بہت محبت تھی اور ان کی مجھ پر سچی شفقت تھی۔ کچھ علوم میں وہ میرے استاد تھے۔ میں نے اپنی زندگی میں کسی کو ان سے زیادہ کسی معاملے میں شریف کی عزت کرتے ہوئے نہیں پایا ۔۔۔ علم اصول میں ان کی عبارتوں کے دقیق ہونے کی وجہ سے سوائے محقّق ائمہ کے ، لوگ استفادہ، نہیں کر پاتے تھے)

    اس عبارت سے کئی باتیں معلوم ہوتی ہیں :

    ۱۔ شیخ اشقانی بہت بلند مرتبہ عالم تھے۔

    ۲۔ کچھ علوم میں شیخ اشقانی، شیخ ہجویریؒ کے استاد تھے۔

    ۳۔ جب تک شیخ ہجویریؒ ان کی خدمت میں رہے، انہوں نے شیخ اشقانی سے زیادہ شریعت کی تعظیم کرنے والا کسی کو نہیں پایا۔

    ۴۔ ہجویریؒ نے کم از کم جوانی کی عمر میں شیخ اشقانی کی شاگردی اختیار کی ہو گی اور ابتدائی تعلیم اپنے دوسرے غیر مذکور اساتذہ سے حاصل کی ہو گی، کیونکہ کوئی بچہ شیخ اشقانی کی دقیق عبارت سے استفادہ نہیں کرسکتاتھا۔

    ایک جگہ یہ لکھا ہوا ملتا ہے:

    ’’از استادم امام ابو القاسم قشیری شنیدم۔۔۔۔۔‘‘۷؎

    یہاں شیخ قشیری کی شاگردی کا اعتراف کیا گیا ہے ۔ حالاں کہ دوسری جگہ جہاں امام قشیری کا مفصل ذکر ہے (ص۱۵۰) وہاں اس طرف کوئی اشارہ نہیں پایا جاتا۔

    شیخ اشقانی اور شیخ قشیری کے علاوہ شیخ ابو عبد اللہ محمد بن علی الداستانی، شیخ ابوالقاسم علی بن عبداللہ الگرگانی۸؎، شیخ ابو جعفر محمد بن المصباح الصیدلانی وغیرہ کا ذکر بھی اس انداز سے ہوا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ شیخ ہجویریؒ نے ان حضرات سے بھی علمی استفادہ کیا تھا۔ ۹؎

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول