صفحہ اولکتاب کا نمونہ پڑھیں


ادبی تبصرے

ترتیب: اعجاز عبید

ہفت روزہ ’حیات‘، دہلی ( اردو تہذیب ڈاٹ نیٹ کے توسط سے) اور ’دی سنڈے انڈین‘ کی ویب سائٹ سے ترتیب شدہ

ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

اردو جرنلزم کیا ہے؟

     کتاب کا نام :اردو جرنلزم کیا ہے؟
مصنف :طہٰ نسیم
سن اشاعت 2011
صفحات 157
 قیمت 150روپے
مطبوعہ: کتابی دنیا،ترکمان گیٹ،دہلی
تبصرة :سعید احمد قائد

 کتابی دنیا نئی دہلی سے حال ہی میں طہٰ نسیم کی کتاب ’’اردو جرنلزم کیا ہے؟‘‘ شائع ہوئی ہے۔ یہ صحافت کے طلباء کے لئے انتہائی کار آمد کتاب ہے جس میں طہٰ نسیم نے صحافت کا تعارف کراتے ہوئے مطبوعہ صحافت کی اہمیت،دور جدید کا اخباری نظام، خبر نویسی، خبری لوازمات، خبر کی تحریر کیسی ہو، رپورٹنگ کی اہمیت، اداریہ اور کالم نویسی، فیچر کی اہمیت اور مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ یہ کتاب صحافت کو بطور پیشہ اختیار کرنے والوں اور ان لوگوں کے لئے بڑی مفید ہے جو اردو صحافت کو سمجھنا اور جاننا چاہتے ہیں۔کتاب کے دیباچے میں وہ لکھتے ہیں ’’عام طور پر ماہرین صحافت کی رائے ہے کہ اردو اخبارات میں تربیت یافتہ عملے کی کمی ہوتی ہے۔ حالت تو یہ ہے کہ زیادہ تر اخبارات کے مالکان ہی مدیر ہوتے ہیں اور ان میں صحافتی شعور ندارد ہوتا ہے۔ اس لئے آج ضرورت ہے کہ دیگر زبانوں کی صحافت کی طرح اردو میں بھی زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ عملہ خدمات انجام دے اور اردو اخبارات بھی جدید دور سے ہم آہنگی پیدا کریں۔ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک ایسی کتاب کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جس میں جدید صحافت کی مکمل معلومات ہو‘‘۔
بڑی تیزی سے سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی ہو رہی ہے۔ اب خبروں کے حصول اور طباعت کا طریقہ بہت آسان ہو گیا ہے۔ نئے نئے مسائل سے لوگوں کا سامنا ہے۔ اس لئے اردو صحافت کو انگریزی اور ہندی صحافت کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے تاکہ قارئین کی تمام ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے۔
طہٰ نسیم نے اپنے انیس سالہ صحافتی تجربے کو اس کتاب میں یکجا کر دیا ہے۔ انہوں نے خبر کی تعریف سے لے کر خبری لوازمات، ادارہ، فیچر اور اشتہارات وغیرہ کی تیاری پر سیر حاصل بحث کی ہے۔ ان کا انداز تحریر سلیس اور رواں ہے۔ چھوٹے چھوٹے جملوں میں اپنی بات سمجھانے کا سلیقہ جانتے ہیں۔اس کتاب میں انہوں نے اخبارات، Periodical، رسائل، ڈائجسٹ کے اقسام پر تفصیلی بحث کی ہے۔ اسے صحافت کی گائیڈ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ علاوہ ازیں اردو صحافت میں جدید ٹیکنالوجی کی بڑھتی ضروریات بشمول کمپیوٹر، انٹرنیٹ، بلاگ وغیرہ پر بھی سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک میڈیا کا بھی مختصراً تعارف کرایا ہے۔ ان کی دوسری کتاب ’الیکٹرانک میڈیا کی صحیح تکنیک‘ عنقریب شائع ہونے والی ہے۔ یہ کتاب تجربہ کار صحافی کی ایسی معلوماتی تصنیف ہے جس سے صحافت کے طلبا کو اپنے فن کو چمکانے میں کافی مدد ملے گی۔اس کتاب میں اخباری صحافت کے لئے ضروری تمام اداروں کی معلومات تفصیل سے دی گئی ہیں اور بطور نمونہ خبر اور ادارہ مشہور اخبارات سے پیش کئے گئے ہیں۔ ’’اردو جرنلزم کیا ہے؟‘‘ ایک تربیتی معلوماتی کتاب ہے جسے مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے۔اس کتاب کی ایک اور خوبی ہے۔ اس میں حقوق انسانی کا عالمی منشور بھی دیا گیاہے تاکہ ایک اچھے صحافی کو معلوم ہو سکے کہ انسانی حقوق کیا ہیں؟ انتہائی دیدہ زیب ٹائٹل اور شاندار کاغذ پر طباعت کے باوجود کتاب کی قیمت صرف 150 روپے ہے جو صحافت سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے بہت کم ہے۔ اس کتاب سے نہ صرف صحافت کے طلباء بلکہ اردو صحافتی اداروں کو بھی استفادہ کرنا چاہئے۔

٭٭٭

ڈاؤن لوڈ کریں 

 ورڈ فائل                                                         ٹیکسٹ فائل

پڑھنے میں مشکل؟؟؟

یہاں تشریف لائیں۔ اب صفحات کا طے شدہ فانٹ۔

   انسٹال کرنے کی امداد اور برقی کتابوں میں استعمال شدہ فانٹس کی معلومات یہاں ہے۔

صفحہ اول